میسور 4جنوری (ایس او نیوز ) میسور سٹی کارپوریشن (ایم سی سی )نے مارچ سے کام کے مقام پر تمام پوراکارمیکاس (جاروب کشوں ) کو مفت ناشتہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔میسور شہر میں تقریباً 2655جاروب کش ہیں اور یہ تمام صبح کی ابتدائی ساعتوں میں کام شروع کرتے ہیں ۔ایم سی سی کے ہیلتھ افسرڈاکٹر رام چندرا نے کہا کہ ان میں سے بیشتر کے پاس ناشتہ تیار کرنے کا وقت نہیں ہوتا کیوں کہ وہ ابتدائی ساعتوں میں گھر سے نکلتے ہیں۔وہ ہوٹلوں میں کھانے کے لئے اپنی باری کے منتظر ہوتے ہیں۔ ان میں سے بعض بھوکے ہی جاتے ہیں کیوں کہ ان کے پاس غذا کیلئے رقم نہیں ہوتی۔ اس سے بچنے کیلئے ہم نے انہیں مفت ناشتہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تمام جاروب کشوں جن میں کنٹراکٹ پر کام کرنے والے بھی شامل ہیں کو مفت ناشتہ دیا جائے گا ۔ ہر شخص کیلئے روزانہ 20روپے ناشتہ کیلئے الاٹ کئے گئے ہیں۔کئی ہیلتھ کیمپس کے دوران ہم نے اس بات کو پایا کہ کئی بزرگ جاروب کشوں سمیت بیشتر جاروب کش ناشتہ نہیں کرتے اور ان کی صحت کے متاثر ہونے کی وجوہات میں سے یہ بھی ایک وجہ ہے ۔اسی لئے ہم نے جتنا جلد ممکن ہوسکے صبح کے ناشتہ کی اسکیم کو شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔اس اسکیم پر عمل سے ایم سی سی پر اضافی 1.5کروڑ روپے کے مصارف ہوں گے اور ریاستی حکومت کے ایس سی /ایس ٹی ویلفیر فنڈ سے یہ فنڈس الاٹ کئے جائیں گے ۔انہو ں نے کہا کہ میسورو سٹی کارپوریشن میں 9زونس ہیں۔ایم سی سی کے ہر زون کے لئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ ٹنڈرس کے اصولوں کے مطابق یہ انفرادی زون واری ٹنڈرس ہوں گے، جہاں کنٹراکٹرس کو ان کے وارڈس کے مطابق جاروب کشوں کو ناشتہ فراہم کرنے کی ذمہ داری دینی ہوگی۔پہلے سے طے شدہ مقامات پر ناشتہ سپلائی کیا جائے گا۔ ناشتہ کے مینو کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر رامچندرا نے کہا کہ کنٹراکٹرس کو معیار کو یقینی بنانا ہوگا ہر دن مختلف اقسام جیسے اڈلی ' رائس باتھ اور چپاتی فراہم کرنی ہوگی ۔ٹنڈرس کی حوالگی سے پہلے حفظان صحت اور ذائقہ کے عوامل کو یقینی بنانا ہوگا ،تاکہ جاروب کشوں کو شکایت کی کوئی وجہ نظر نہ آئے ۔